فلسطین پر عمران خان کے جرآت مندانہ موقف پر شکر گذار ہیں، فلسطینی سفیر
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فلسطین کے سفیر سے ملاقات کی ہے.
پاکستان علماءکونسل کی طرف سے ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طاہر اشرفی نے منگل کو پاکستان میں فلسطین کے سفیراحمد جواد ربیع کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ القدس کے بغیر فلسطین میں کسی قسم کے انتخابات قبول نہیں کرے گی، عالمی قوتوں اور مسلم امہ کو اسرائیلی مظالم کے خلاف فوری اقداما ت کرنے ہوں گے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام اہل فلسطین کے ساتھ ہیں، فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے مسائل ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی القدس میں انتخابات روکنے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، اسلامی تعاون تنظیم اور اسلامی ممالک کے دیگر سربراہان کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایسے حل کو قبول نہیں کر سکتا جو فلسطینی عوام کو قبول نہ ہو۔
پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کا فلسطین کیلئے موقف پوری امت مسلمہ کی ترجمانی ہے۔ اہل فلسطین، حکومت فلسطین وزیراعظم پاکستان کے جرات مندانہ موقف پر شکر گذار ہے۔
انہوں نے کہا کہ القدس کے بغیر انتخابات فلسطینی عوام کو قبول نہیں ہیں اور اس سلسلہ میں حکومت پاکستان کے موقف پر شکر گذار ہیں.
Comments are closed.