عمران خان کی ملک بھر میں ایک ہی ساتھ الیکشن کرانے پر مشروط آمادگی
فوٹو: فائل
لاہور: چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ملک بھر میں ایک ہی ساتھ الیکشن کرانے پر مشروط آمادگی، کہا ہے کہ وہ الیکشن پر حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں۔
سابق وزیراعظم نے پارٹی اجلاس کے بعد حکومت کے ساتھ مزاکرات کا سلسلہ بھی جاری رکھتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ منگل کو ان کی ٹیم حکومت سے مذاکرات کیلئے اسلام آباد جائے گی۔
عمران خان نے واضح کیا کہ وہ ملک بھر میں ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ حکومت 14 مئی تک اسمبلیاں تحلیل کردے.
عمران خان نے کہا کہ اگر آپ نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں نہ توڑیں تو پھر ہم دو صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، بجٹ کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمیں قبول نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ بہتری کی امید ہی ہے جس کی وجہ سے ابھی تک بات چیت چل رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی امید چلی گئی توپاکستان کا حال سری لنکا سے بدترہوجائے گا۔
اس سے قبل اجلاس میں عمران خان کو حکومت کےساتھ مذاکرات پر بریفنگ دی گئی اور چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پرآپریشن کےبعد مذاکرات کے مستقبل پرغور کیا گیا۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے بات چیت کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.
انھوں نے واضح کیا کہ فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مذنظر رکھتے ہوئے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے اور منگل کو حتمی ایجنڈے پر بات ہوگی.
واضح رہے پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر پولیس کے چھاپے کے بعد خدشہ تھا کہ عمران خان مزاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیں گے تاہم اجلاس میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا.
Comments are closed.