عمران خان کی جیل میں کیا حالت ہے؟ سپریم کورٹ نے رپورٹ کیلئے فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا
فوٹو : فائل
اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جیل میں موجودہ حالت اور دستیاب سہولیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا ہے۔
عمران خان سے جیل میں وکلا کی ملاقات کے معاملے پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، جس کی سربراہی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی جبکہ جسٹس شاہد بلال حسن بھی بینچ میں شامل تھے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کی روشنی میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے تحریری رپورٹ چیمبر میں جمع کرا دی تھی، جو اس وقت کی ہے جب بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں قید تھے۔ اٹارنی جنرل کے مطابق 28 اگست 2023 کو جمع کرائی گئی رپورٹ کے ساتھ 5 سے 18 اگست تک کی میڈیکل رپورٹس بھی منسلک تھیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 24 اگست کے بعد ایسا کوئی حکم نامہ ریکارڈ پر نہیں جس پر سپریم کورٹ نے اطمینان کا اظہار کیا ہو، اس لیے موجودہ صورتحال کا ازسرِ نو جائزہ لینا ضروری ہے۔ عدالت نے کہا کہ سلمان صفدر پر مکمل اعتماد ہے اور انہیں بطور فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ ایڈووکیٹ سلمان صفدر اڈیالہ جیل جا کر عمران خان کی لیونگ کنڈیشن اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کریں اور تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ فرینڈ آف دی کورٹ کو جیل کے باہر انتظار نہ کرایا جائے اور مکمل احترام کے ساتھ عمران خان تک رسائی دی جائے۔
سلمان صفدر نے عدالت سے استفسار کیا کہ رپورٹ کا دائرہ کار کیا صرف رہائشی سہولیات تک محدود ہوگا؟ جس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ لیونگ کنڈیشن سے متعلق رپورٹ چیمبر میں جمع کرائی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی کی جیل بریک تک رسائی دی جائے تاکہ وہ مقررہ وقت میں رپورٹ داخل کر سکیں۔ عدالت نے فرینڈ آف دی کورٹ کو کل تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی جبکہ کیس کی سماعت پرسوں تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے اختتام پر ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کی درخواست کی، تاہم سپریم کورٹ نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ فی الحال صرف سلمان صفدر کو اڈیالہ جیل جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
عمران خان کی جیل میں کیا حالت ہے؟ سپریم کورٹ نے رپورٹ کیلئے فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا
Comments are closed.