حکومت نے عمران خان کو مزاکرات کےجواب میں لال جھنڈی دکھا دی
فوٹو : اسکرین گریب
لاہور: حکومت نے عمران خان کو مزاکرات کےجواب میں لال جھنڈی دکھا دی ، حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے مذاکرات کیلئے کی گئی پیشکش مسترد کردی۔
لاہور میں کور کمانڈر ہاوس (جناح ہاؤس) کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کوعمران خان چور او رغدار کہتےتھے، اور مذاکرات کی بات کا مذاق اڑاتے تھے.
انھوں نے کہا کہ بہت سے دوستوں کے اختلاف کےباوجود میں بات چیت کا حامی تھا، قوم جانتی ہے مذاکرات کے دور ہوئے، مذاکرات میں پی ٹی آئی ٹیم بے مقصد بات کررہی تھی، ان کی ٹیم واپس گئی تو انہوں نے کہا اب کچھ نہیں کرنا.
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم کے کچھ لوگ ان کے ساتھ ہیں اور کچھ اب گھر بیٹھے ہیں، بات چیت کا بھی کوئی ماحول اور ایجنڈا ہوتا ہے، لیکن اب مذاکرات کا ماحول نہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا علم نہیں،وفاقی حکومت آئینی مدت سے ایک دن آگے نہیں جائے گی، الیکشن آئینی مدت کے مطابق ہوں گے، کوئی بے گناہ ہوگا تو قانون کی عدالت سے چھوٹ جائے گا.
انھوں نے کہا کہ جوکام انہوں نے کیے اصل میں وہ غداری ہے،یہ احتجاج نہیں حملہ، دہشتگردی اورتخریب کاری ہے۔تین اطراف سے حملہ کیا گیا، سب کو معلوم ہے یہ سرحدی محافظ کے سب سے بڑے افسر کی رہائشگاہ ہے، کور کمانڈر، ان کی اہلیہ کےساتھ بدتمیزی کی گئی، یہ کس طرح کےلوگ ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم کا جہاز ہماری طاقت اور ہمت کا ثبوت ہے، جو لوگ فوج کو ٹارگٹ کریں ان سے زیادہ بدبخت کوئی نہیں، جو کئی کلومیٹرز تک سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ان کے ساتھ یہ کیا گیا، پانچ گنا طاقتور دشمن کو روکنے والوں کیلئے انہیں روکنا مشکل نہیں تھا.
خواجہ سعد رفیق سے پہلے جیل سے بیماری کے بہانے بیرون ملک جا بیٹھنے والے پاکستان مسلم (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے بھی کہا تھا کہ شہداء کی یادگاروں کو جلانے والوں سے بات نہیں ہوگی۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں نواز شریف نے کہا تھا کہ ملک کو آگ لگانے والے دہشتگردوں، تخریب کاروں سے بات نہیں ہوگی، اور نہ ہی شہداءکی یادگاروں کو جلانے والوں سے بات ہوگی۔
Comments are closed.