عرب ممالک میں22ہزار سے زائد پاکستانی بے روزگار ہو گئے


ویب ڈیسک

اسلام آباد: عرب ممالک میں کورونا وائرس وبا کے باعث 22 ہزارسے زائد سمندر پار پاکستانی بے روزگار ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کو کی ایک رپورٹ میں ایک دستاویزات کا حوالہ دے کر بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ساڑھے 17 ہزارمزدور پیشہ پاکستانی ملازمتوں سے فارغ ہوئے ہیں۔

اسی طرح قطر سے 691 اور اومان سے 600 پاکستانی ملازمتوں سے فارغ ہوئے جب کہ سعودی کمپنیوں نے 1 ہزار 245 پاکستانیوں کو ملازمت سے برخاست کیا ہے اور متعدد کو نوٹسز جاری ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل عالمی بینک نے بھی کورونا وائرس کی وبا کے باعث بین الاقوامی سطح پر ترسیلات زر میں 20فصد کمی کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور جنوبی ایشیائی ممالک میں شرح 22فی صد تک ہونے کا اندازہ ظاہر کیا تھا۔

کورونا کی وبا کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاون، صنعتی پیداوار اور منڈیاں بند ہونے کی وجہ سے روزگار کے مواقع کو شدید خطرات لاحق ہیں، انہی خدشات کے باعث حکومت پاکستان کی درخواست پر سعودی عرب نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ آئندہ تین ماہ تک پاکستانیوں کو برطرف نہیں کریں گے۔

عالمی بینک کی رپورٹ میں یہ بھی خبردار کیا گیا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث خلیجی ممالک سے ترسیلات میں واضح کمی واقع ہوگی اور ان خدشات کو اب حقیقت بنتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔

مختلف ممالک میں لاک ڈاون کی وجہ سے امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک سے ترسیلات زر میں کمی کے خدشات کا اظہار بھی کیا تھا، رپورٹ میں جنوبی ایشیا میں ترسیلات زر 22 فیصد کمی سے 109ارب ڈالر رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

پاکستانیوں کی بڑی تعداد پہلے ہی ان ممالک سے واپس آ چکی ہے کچھ فلائٹس آپریشن معطل ہونے کے باعث منتظر ہیں واپسی کے جب کہ ان ممالک میں بے روزگار ہونے والے متعدد پاکستانیوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

Comments are closed.