عدم مداخلت پر قائم ،عالمی برادری و افغانوں کیساتھ چلیں گے،پاکستان


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان نے افغانستان میں عدم مداخلت کے اصول کی پاسداری کرنے کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے عالمی برادری اور تمام افغان فریقوں کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی کااسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اجلاس ہوا ،قومی سلامتی کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان افغان مسئلے کے ایسے جامع سیاسی تصفیے کے لئے پرعزم ہے جس میں تمام افغان گروپوں کی نمائندگی ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ افغانستان چھوڑنے کے خواہشمند پاکستانیوں، سفارتکاروں، صحافیوں اور عالمی تنظیموں کے عملے کی واپسی کے لئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں افغانستان میں تمام جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قانون کی حکمرانی کا احترام اور تمام افغان دھڑوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کریں اور یہ امر یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی دہشت گرد گروپ افغان سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ افواج کے انخلاء کے حوالے سے سابق امریکی انتظامیہ کے فیصلے کی بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے توثیق تنازعے کا حتمی حل ہے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ افغانستان میں عدم مداخلت کے اصول کی پاسداری کی جائیگی،اجلاس کے شرکاء کو افغانستان میں نئی پیشرفت اور پاکستان اور خطے پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔

Comments are closed.