عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

بلوچستان کے 18ویں وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔

50 / 100

فوٹو: فائل

کوئٹہ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)جام کمال کے مستعفی ہونے کے بعد اسپیکر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے۔

بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے، میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 18ویں وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل نے بتایا کہ عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے 39 اراکین کے ووٹ ملے،اس انتخاب میں جے یو آئی ، پختونخواہ میپ اور بی این پی مینگل گروپ نے حصہ نہیں لیا۔

متذکرہ سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد رکن نواب اسلم خان رئیسانی بھی وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل سے دور رہے، جبکہ سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان اجلاس میں شریک ہی نہیں تھے۔

بلوچستان اسمبلی میں جے یو آئی کے 11، بی این پی کے 10اور پی کے میپ کا ایک رکن ہے لیکن ان تمام نے نئے وزیراعلیٰ کے حق میں ووٹ دینے یا مخالفت میں جانے کا حق استعمال نہیں کیا۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق نئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی حلف برداری کی تقریب آج ہی شام چار بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی جس کے بعد وہ باضابطہ بلوچستان کے 18ویں وزیر اعلیٰ بن جائیں گے۔

گورنر ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ عبدالقدوس بزنجو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے، تقریب میں ان کے اراکین اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور سول و ملڑی حکام شرکت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما جام کمال نے اپنی ہی جماعت کے باغی اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر اسمبلی میں ہونے والی رائے شماری سے ایک روز قبل ہی وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔

Comments are closed.