صوبہ خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، او جی ڈی سی
فوٹو : فائل
کوہاٹ : پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، او جی ڈی سی نے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کرلیے ہیں۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی طرف سے اس دریافت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے تیل و گیس سپلائی چین درآمد سے صارفین کے استعمال تک ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کردی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ تیل و گیس ترسیل کی سپلائی چین ڈیجیٹائزیشن سے اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی، ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے، اس سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر خرچ ہونے والا زرمبادلہ بچے گا۔
وزیراعظم نے ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد دی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل وگیس کے بڑے ذخائر دریافت کرلیے ہیں، ان ذخائر سے یومیہ 4100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا، جون 2026 تک آر ایل این جی کے ساڑھے3 لاکھ کنکشنز کا ٹارگٹ مکمل کر لیا جائے گا۔
او جی ڈی سی ایل کی طرف سے خیبر پختونخوا سے تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کیا گیا، کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک سے ہونے والی دریافت سے یومیہ ایک کروڑ 5 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 4 ہزار ایک سو بیرل خام تیل حاصل ہوگا۔
او جی ڈی سی نے تیل و گیس کی دریافت کو قوم کیلئے نئے سال کا بڑا تحفہ قرار دیا ہے۔
براگزئی ایکس کنواں کو 5,170 میٹر گہرائی تک کھودا گیا، نشپا بلاک میں او جی ڈی سی بطور آپریٹر 65 فیصد جبکہ پی پی ایل 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل 5 فیصد کے حصے دار ہیں۔
ترجمان کے مطابق نشپا میں ڈٹہ فارمیشن میں ہائیڈروکاربن سے بھرپور 187 میٹر زون کی کامیاب نشاندہی ہوئی۔
Comments are closed.