صدر مملکت کا ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب

راولپنڈی (زمینی حقائق )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بہترین جنگجو ہے اور ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں پوری دنیا کے مقابلے میں زیادہ ہیں، پوری قوم کو پاس آوٴٹ ہونے والے افسران پر مکمل اعتماد ہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ مشرقی سرحدوں پر کشیدگی کے دوران سب نے ہماری افواج کی صلاحیتوں کو دیکھا، ہماری آپریشنل تیاریوں اور منہ توڑ جواب سے دشمن کو ناکامی ہوئی۔

ان کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں باہمی احترام کی بنیاد پر امن اور بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، امن واستحکام کا فروغ پاکستان کی قومی پالیسی ہے، تاہم کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل نکالا جائے۔

صدر مملکت نے تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر اکیڈمی سینئر انڈر آفیسرحیدر علی خان کو اعزازی شمشیر دی گئی۔

بٹالین سینئرانڈر آفیسر محمد عمرخان کو صدارتی گولڈ میڈل جبکہ سری لنکا کے کیڈٹ کو اوورسیز گولڈ میڈل ، کورس انڈر آفیسرز محمد شہزاد اور احمد بلال کو کمانڈنٹ کی چھڑی سے نوازا گیا، کورس انڈر آفیسر عائشہ شکیل نے کمانڈنٹ کی چھڑی حاصل کی۔

Comments are closed.