شہباز شریف،حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواستیں جمع


فوٹو :فائل

لاہور(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اوران کے صاحبزادے حمزہ شہباز نےپیرول پر رہائی کیلئے درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔

پیرول پر رہائی کی درخواستیں ڈپٹی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) عطا اللہ تارڑ نے جمع کرائی ہیں جن میں استدعا کی گئی ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بیگم شمیم اختر کی تدفین میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیاہے کہ ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے لہٰذا 2 ہفتے کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پرپیرول پر رہا کیا جائے۔

خیال رہے کہ شریف برادران کی والدہ شمیم اختر گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی ہیں
شہباز شریف اور حمزہ شہباز اس وقت جیل میں ہیں۔

پنجاب حکومت کا پیرول پر رہائی کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کا فیصلہ وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ رہائی کی درخواست ملتے ہیں انہیں پے رول پر رہا کردیا جائے گا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ والدہ کا سایہ سر سے اٹھنے کا غم بہت بڑا ہوتا ہے، دکھ کی اس کی گھڑی میں لواحقین سے ہمدردی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جیل میں قید شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پے رول پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان دونوں کو رہا کیا جائے گا تاکہ وہ مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کر سکیں۔

اس حوالے سے وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ جیسے ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پے رول پر ضمانت کی درخواست موصول ہو گی اسے فوراََ قبول کر کے انہیں رہا کر دیا جائے گا ۔

ادھر سلمان شہباز نے کہا کہ بیگم شمیم اختر کے جنازے کو پاکستان لانے کے انتطامات شروع کر دیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر ضمانت کے لیے درخواست دیں گے، تاکہ وہ جنازے میں شرکت کر سکیں ۔

مریم نواز کو بھی پشاور جلسے میں دادی کی وفات کی اطلاع دی گئی ہے ۔ نواز شریف میت کے ساتھ وطن واپس آئیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے ۔

آئی جی جیل خانہ جات نے سپرینڈنٹ اور ڈپٹی سپرینڈنٹ کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بیگم شمیم اختر کی وفات کی خبر دینے کا حکم دیا ہے، اور افسران کو خود جیل جانے کی تلقین کی۔ اس موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ملاقات کروانے کا بھی حکم دیا گیا ہے ۔

آج ہی سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا لندن میں انتقال ہوا ہے ، ان کی عمر 90 سال تھی اور وہ طویل عرصے علیل تھیں، حسین نواز کے مطابق آج صبح وہ نماز کے لیے اُٹھیں تو ان کی طبیعت خراب ہوئی، انہیں ہسپتال پہنچایا گیا وہیں انتقال کر گیئں۔

Comments are closed.