شہبازشریف نے سحر و افطار میں گیس کی بندش کانوٹس لے لیا،حکام کوفوری اقدامات کی ہدایت

47 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد : رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے وقت گیس بندش نےشہریوں کی مشکلات میں مبتلا کررکھا ہے ایسے میں وزیراعظم شہبازشریف نے سحر و افطار میں گیس کی بندش کانوٹس لے لیا،حکام کوفوری اقدامات کی ہدایت ،انھوںنے کہا ہے شہریوں کی مشکلات دورکی جائیں اورگیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 گیس کی عدم فراہمی کی شکایات پروزیر اعظم نے رات گئے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں سوئی کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور سینئر انتظامیہ کے ساتھ سحر و افطار میں گیس کی فراہمی کے مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم کی ہدایات پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے فوری طور پر گیس پریشر میں 10 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ گیس ڈسٹریبیوشن مراکز کے آخری سروں پر واقع علاقوں میں سحری اور افطار کے اوقات سے 30-45 منٹ پہلے گیس کی فراہمی شروع کر دی جائے گی، جس سے ان علاقوں میں گیس کے پریشر میں بہتری آئے گی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کی ترسیل کے نظام کی نگرانی کے لیے ہیڈ آفس اور ریجنل دفاتر میں کنٹرول رومز بنانے کا اعلان بھی کیا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر گیس کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ گیس کے کم پریشر کی شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب ترجمان سوئی ناردرن گیس نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیرِاعظم کی ہدایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے  سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں 1199 پر رابطہ کریں۔

Comments are closed.