شمالی وزیرستان، این جی او کی گاڑی پر فائرنگ، 4 خواتین جاں بحق

پشاور: شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں سماجی ورکرز کی گاڑی پر فائرنگ سے 4 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ٹنڈی کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے بعد گاڑی میں سوار 8 افراد کو اغوا کرکےلے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ ایپی گاؤں کے قریب این جی اوکی گاڑی پرکی گئی جس کے نتیجے میں 4 خواتین جاں بحق ہوئیں جب کہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق چاروں خواتین سماجی کارکن تھیں، لاشوں اور زخمی ڈرائیور کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میرعلی منتقل کردیا گیا ہے۔

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) کے جاری کردہ بیان کے مطابق چاروں خواتین مبینہ طور پر ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) سے منسلک تھیں اور دستکاری کی تربیت دیتی تھیں۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول خواتین کی شناخت ناہید بی بی، ارشاد بی بی، عائشہ بی بی اور جویریہ بی بی کے نام سے ہوئی۔

ان کے علاوہ ایک خاتون مریم بی بی گاؤں کے ایک گھر میں داخل ہوجانے کی وجہ سے خوش قسمتی سے فائرنگ سے بچنے میں کامیاب رہیں۔

دہشت گردی کے اس حملے میں گاڑی کے ڈرائیور عبدالخالق بھی زخمی ہوئے، چاروں خواتین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر میر علی منتقل کردیا گیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن شمالی وزیرستان کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے پولیس اور ایف سی کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

Comments are closed.