شربت میں میٹھا ڈالنے پر بہن ، بھائی کو قتل کرنے والا جنونی قاتل گرفتار

فوٹو: سوشل میڈیا

پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پشاور میں شربت میں زیادہ میٹھا ڈالنے پربہن اور بھائی کو قتل کرکے فرار ہونے والے ملزم محمد اسحاق ولد امداد کو پولیس نے ضلع نوشہرہ کے ایک بھٹہ خشت سے گرفتار کر لیا ۔

پولیس کے مطابق ملزم نے پشاور کے علاقے متھرہ میں دو روز قبل افطاری کے موقع پر شربت بنانے کے ایک معمولی تکرار پر طیش میں آکر اپنی بہن اور بھائی کو قتل کردیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم محمد اسحاق کو نوشہرہ سے گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے، ملزم واردات کے فورا بعد ضلع نوشہرہ میں رپوش ہوچکا تھا جس کی گرفتاری خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی ہے۔

گرفتار ملزم محمد اسحاق نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق مدعی امداد ولد مصلی خان ساکن صادق آباد نے تھانہ متھرا پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے بیٹے محمد اسحاق نے افطاری کے وقت اپنی بہن اور بھائی کو بے دردی سے قتل کیا ہے ۔

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی رورل نجم الحسنین کی سربراہی میں ڈی ایس پی رورل رحیم حسین اور ایس ایچ او متھرا حسن خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

پولیس نے ملزم کے تمام ممکنہ ٹھکانوں پر کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا جبکہ گزشہ روز مصدقہ خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کے دوران ملزم محمد اسحاق ولد امداد کو ضلع نوشہرہ کے ایک بھٹہ خشت سے گرفتار کر لیا گیا۔

Comments are closed.