سندھ میں کسی کو بھی کتا کاٹے مقدمہ متعلقہ میونسپل افسر پر
فوٹو: فائل
کراچی (ویب ڈیسک)صوبہ سندھ کے کسی بھی اضلاع میں کسی شہری کو کتا کاٹے گا تو اس کا مقدمہ متعلقہ میونسپل افسر پر درج ہوگا، ہائی کورٹ نے شہری کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر فیصلہ سنایا ۔
سکھر سمیت بالائی سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات اور میونسپل انتظامیہ کی ناکامی پر سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اب اگر کسی شہری کو کتے نے کاٹا تو مقدمہ میونسپل افسر پر درج ہوگا۔
ہائیکورٹ سکھر بینچ میں شہری کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی ۔ جیکب آباد، لاڑکانہ، نوابشاہ، گھوٹکی، سکھر اور خیرپورسمیت دیگر اضلاع کے میونسپل افسران پیش ہوئے اور رپورٹ دی کہ آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن کیا ہے۔
ان کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ حالیہ دنوں میں ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا تاہم عدالت میونسپل افسران پر برہم ہوگئی اور حکم دیا کہ آئندہ کوئی واقعہ پیش آیا تومتعلقہ میونسپل افسر ذمے دار ہوگا۔
ہائی کورٹ نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کتے کے کاٹنے کے واقعات پر نظر رکھنے جبکہ میونسپل افسران کو ہر ہفتے عدالت میں رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے ۔
Comments are closed.