ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی پشت میں چھرا گھونپا، شبلی فراز


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کے دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوچکے ہیں اور آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تدفین ہوگیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بعد پارلیمنٹ کے باہرشبلی فراز اور سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر قانون کی حکمرانی ہونی ہے تو آپ وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ یہ ملک پیچھے جانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ یہ دوسری مرتبہ ہے، پہلے وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ ملا اور آج ہمارے نامزد کردہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کو کامیابی ملی، جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کو شکست ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست جو ذاتی مفادات کے اردگرد گھومتی تھی پاکستان کے عوام کے لیے نہیں، جو لانگ مارچ سے شروع ہوئی استعفوں کی بات ہوئی کچھ بھی نہ ہوا، دوبارہ سے انہوں نے لانگ مارچ اور استعفوں کی بات کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ سے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی پشت میں چھرا گھونپا ہے۔

شبلی فراز نے واضح کیا کہ عوام کرپشن روکنے کے لیے باہر نکلتے ہیں، عوام کرپشن بچانے کے لیے باہر نہیں نکلتے،انہوں نے مزید کہا کہ یہ سبق جو پی ڈی ایم کو آج ملا ہے اور اس کی سیاسی تدفین ہونے والی ہے، ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ ایسی تاریک قوتیں ، ایسی قوتیں جو ذاتی مفادات کے گرد گھومتی تھیں، آج اللہ تعالیٰ نے انہیں بے نقاب کردیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج صبح کیمروں کا ڈراماہ بھی لگا گیا، جب ہم اعتماد کا ووٹ لے رہے تھے تب مختلف قسم کی پریس کانفرنسز سے انہوں نے ناٹک رچایا تھا تاکہ خرابی کرسکیں اسے کے بعد آج یہ ووٹ تھا اس میں بھی انہوں نے ڈرامہ چلایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا خیال تھا کہ یہ ناٹک رچاکر الیکشن پر اثرانداز ہوسکیں گے لیکن اللہ تعالیٰ نے عمران خان جیسے نڈر، سچے اور بہادر لیڈر کو فتح دلائی ہے اور جو بدنیت تھے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اللہ کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیں، کل رات شبِ معراج تھی، رسالت مآب حضرت محمد ? پر لاکھوں درود، لوگوں نے نوافل پڑھے، آج پاکستان کو، عمران خان، صادق سنجرانی کو لوگوں کی دعائیں لگی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کو شکست ہے، اس مافیا کو شکست ہے جس کا مقابلہ عمران خان اکیلے کررہے ہیں، وہ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے، ڈٹے رہیں گے اور مقابلہ کرتے رہیں گے۔

Comments are closed.