سعودی عرب میں 21 دن کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا

فوٹو : فائل

الریاض (زمینی حقائق ڈاٹ کام) سعودی عرب میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک بھر میں 21 دن کیلئے جزوی کرفیو نافذ کردیا ہے۔

کرفیو نافذ کرنے کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت اور سلامتی کی خاطر پیر 23 مارچ کی شام سے اکیس دن کے لیے مملکت بھر میں جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے عرب نیوز اورسعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹس کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ کرفیو روزانہ  شام سات سے صبح چھ  بجے تک 21 دن جاری رہے گا۔

سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یہ حکم وزارت صحت کے اس بیان کے بعد جاری کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اتوارکو کورونا کے 119 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر 511 ہوگئی ہے، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ان کے اپنے تحفظ کے لیے کرفیو اوقات کے دوران اپنے گھروں میں رہنے کا کہا گیا ہے۔

کرفیو کے نفاذ کے حکم نامے کے تحت سرکاری اور نجی شعبے کی اہم صنعتوں کے وہ ملازمین جن کے کام میں مسلسل کارکردگی درکارہے کرفیو سے مستثنی ہوں گے ۔

سکیورٹی اہلکار، فوجی، میڈیا سیکٹر کے ملازمین ، صحت اور خدمات کے اہم شعبوں کے کارکنان کو بھی استثنیٰ حاصل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزارت داخلہ کرفیو کے نفاذ کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گی۔

Comments are closed.