رمیض راجہ کی تنقید ، محمد حفیظ نے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک )شعیب ملک کے بعدقومی ٹیم کے اوپنر محمد حفیظ نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

نیوز ی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آوٴٹ ہوئے تھے۔پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 15 سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، اس سفرمیں جس جس نے میری رہنمائی کی اس کا شکر گزار ہوں، اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں، پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا امید کرتا ہوں پاکستان ٹیم مستقبل میں بہت اچھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے سلیکٹرز کو آگاہ کر دیا ہے کہ اپنی تمام تر توجہ محدود اووز کی کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتا ہوں۔

محمد حفیظ نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کم بیک کیا تھا، سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے 126 رنز کی اننگز کھیلی تھی لیکن پھر اس کے بعد سات ٹیسٹ اننگز میں مجموعی طور پر 66 رنز ہی بنا سکے۔

محمد حفیظ پاکستان کی جانب سے 54 ٹیسٹ میچز میں 38 اعشاریہ 35 کی اوسط سے 3644 رنز بنا چکے ہیں جس میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں محمد حفیظ کا سب سے زیادہ اسکور 224 رنز ہے۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد حفیظ 53 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔

آج ریٹائرمنٹ سے قبل جب حفظ آوٹ ہو کر پویلین لوٹے اور پاکستان کی بیٹنگ جاری تھی تو اس دوران رمیض راجہ اور دوسرے کمنٹیٹر مسلسل محمد حفیظ کی کارکردگی پر تنقید کرتے رہے جب کہ اس دوران حفیظ ٹی وی پر تبصرے سنتے رہے۔

خیال کیا جارہاہے کہ محمد حفیظ کی فوری ریٹائرمنٹ رمیض راجہ کی تنقید سے دلبرداشتہ ہونا بھی ہے جس کے فوری بعد اعلان کردیاگیا۔

Comments are closed.