راحیل شریف کی قیادت میں اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی پاکستان آمد

اسلام آباد(ویب ڈیسک )سعودی عرب سے اسلامی فوجی اتحاد کا وفد جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا۔

اس حوالے سے جیو نیوز نے ذرائع سے بتایا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے اور وفد کے شرکاء دو روز تک پاکستان میں قیام کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی اور جنرل (ر) راحیل شریف وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کا وفد سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کرے گا، وفد چیئرمین سینیٹ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات پر گفتگو ہوگی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوگی اور مہمان وفد کی دو روز قیام کے بعد واپسی منگل کو متوقع ہے۔

Comments are closed.