خریداری کے وقت دکاندار سے رسید لازمی حاصل کریں، ڈی جی کنزیومر پروٹیکشن
فوٹو : فائل
راولپنڈی : ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ اینڈ کنزیومر پروٹیکشن عمران قریشی نے صارفین کے نام جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام خریداری کرتے وقت لازمی طور پر رسید حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی شکایت یا تنازع کی صورت میں اپنے حقوق کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اکثر صارفین خریداری کے وقت رسید حاصل نہیں کرتے جس کی وجہ سے بعد ازاں ناقص یا خراب اشیاء کے حوالے سے شکایت درج کروانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ خریداری کے وقت دکاندار سے رسید لازمی حاصل کریں، ڈی جی کنزیومر پروٹیکشن کا کہنا تھا کہ ہر صارف کسی بھی دکان، کمپنی یا ادارے سے خریداری کے بعد باقاعدہ رسید حاصل کرے۔
عمران قریشی نے واضح کیا کہ تمام دکانداروں، کمپنیوں اور کاروباری اداروں پر قانونی طور پر لازم ہے کہ وہ صارفین کو فروخت کردہ اشیاء کی مکمل اور واضح رسید جاری کریں۔ اس رسید پر فروخت کی گئی اشیاء کی تفصیل، مقدار، قیمت، تاریخ اور دکاندار یا کمپنی کا مکمل نام اور پتہ درج ہونا ضروری ہے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں ذمہ دار فریق کی نشاندہی کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسید صارفین کے حقوق کے تحفظ کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اس کے ذریعے صارفین نہ صرف ناقص اشیاء کے خلاف شکایت درج کرا سکتے ہیں بلکہ متعلقہ اداروں سے قانونی مدد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے کہا کہ اگر کوئی دکاندار یا ادارہ صارفین کو رسید فراہم کرنے سے انکار کرے تو شہری فوری طور پر کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی سے رابطہ کریں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ رسید جاری نہ کرنا یا صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کرنا پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے اور اس خلاف ورزی پر ذمہ دار افراد یا اداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
عمران قریشی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے بارے میں آگاہ رہیں اور کسی بھی قسم کی شکایت یا دھوکہ دہی کی صورت میں فوری طور پر کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی سے رجوع کریں تاکہ صارفین کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.