حکومت کا گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کا بڑا پلان، پٹرولیم لیوی مزید بڑھانے کی تیاری
فوٹو : فائل
اسلام آباد : وفاقی حکومت نے گیس کے شعبے میں موجود بھاری گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں مزید 5 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے حاصل ہونے والی اضافی رقم گردشی قرضہ کم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس سیکٹر میں مجموعی گردشی قرضہ تقریباً 3180 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس میں سے 1700 ارب روپے سیٹل کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس رقم میں 1400 ارب روپے نان ریکوری، لائن لاسز اور ٹیرف ڈیفرینشل جبکہ 300 ارب روپے ٹیکس اور سود شامل ہیں۔
حکومت نے گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ آئندہ چھ برسوں میں مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر اضافی 5 روپے پی ڈی ایل عائد کرنے سے ساڑھے پانچ سو ارب روپے تک ریکوری متوقع ہے۔
اس کے علاوہ گیس کمپنیوں سے ملنے والے ڈیویڈنڈ کو واپس لے کر گردشی قرضہ سیٹل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ اضافی ٹیرف اور ڈیویڈنڈ کی مد میں تقریباً 700 ارب روپے گردشی قرضہ ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایل این جی کارگوز میں کمی لا کر تقریباً 500 ارب روپے کی بچت کا بھی تخمینہ لگایا گیا ہے۔ گردشی قرضہ ختم کرنے کے اس مجوزہ پلان کی منظوری وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ سے لی جائے گی۔
حکومت کا گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کا بڑا پلان، پٹرولیم لیوی مزید بڑھانے کی تیاری
Comments are closed.