حکومت پاکستان نےسفارتکاروں کو رسوا کیا، اتحاد اہالیان ریاض

الریاض(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سعودی عرب میں پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اہالیان ریاض نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کے دوران سعودی عرب میں حکومت پاکستان اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے سفارتکاروں کے خلاف کاروائی کرکے خود کو بچانا چاہتی ہے.

سعودی دارالحکومت ریاض میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ سعودی عرب میں کووڈ 19 کے دوران پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستانیوں کو ناصرف تنہا چھوڑا بلکہ ان کی وطن واپسی کے خاطر خواہ انتظامات بھی نا کیے جاسکے.

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی فلائٹس کی تعداد کو با آسانی بڑھایا جاسکتا تھا مگر ایسا نہیں کیا، میتوں کی پاکستان روانگی کے لئے حکومت پاکستان نے خصوصی اقدامات کرنے تھے.

اس کے برعکس سفارت خانہ پاکستان اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر انتظامات کر رہا تھا میتوں کی پاکستان روانگی اور ہزاروں پاکستانیوں تک راشن کی تقسیم کا عمل کیمونٹی ممبران اور سفارت خانے کے باہمی تعاون کے ذریعے کیا گیا.

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران حکومت پاکستان کی جانب سے کسی قسم کی کوئی امداد نہیں بھیجی گئی یا کوئی فنڈ قائم نہیں کیا گیا اربوں روپے زرمبادلہ بھیجنے والے ورکرز کو ائیر لائینز کی مہنگی ترین ٹکٹس لینے پر مجبور کیا گیا.

دارالحکومت ریاض میں پاکستانی کیمونٹی نے ہمیشہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر سفارت خانے کے ساتھ ملکر فلاحی سرگرمیاں کو انجام دیا ہے.

حکومت پاکستان جس طرح اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے سفارت کاروں کو رسوا کر رہی ہے یہ غیر مناسب رویہ ہے اس سے جہاں ملک کی بدنامی ہو رہی ہے وہیں سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے سفارتی عملے میں ایک ڈر کی فضا نے جنم لیا ہے.

انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان سفارتی افسران کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے ساتھ حکومتی سلوک کا بھی محاسبہ کریں.

افسران سمیت عملے کے خلاف رشوت لینے کی انکوائری ضرور کریں مگر اس انکوائری کے نتائج کو عوام کے سامنے بھی لایا جائے، پریس کانفرنس سے خالد اکرم رانا، قاضی اسحاق میمن ،ڈاکٹر سید مزمل شاہ، عزیزالرحمن ہزاروی، احسن عباسی، حفیظ بلوچ، اقبال ودود اور دیگر نے اظہار خیال کیا.

Comments are closed.