حنیف عباسی کی سزا پر الیکشن ملتوی کا فیصلہ درست ہے، لاہور ہائی کورٹ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار، لاہو ہائی کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی پٹیشن خارج کردی۔

شیخ رشید نے لاہورہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں پٹیشن دائرکی تھی جس میں درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اورریٹرننگ افسرکوفریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ آئین کے تحت الیکشن صرف کسی امیدوارکی وفات کی صورت میں موخرکئے جا سکتے ہیں، امیدوارکو سزا ہونے پرالیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا۔

مریم نوازاورکیپٹن (ر) صفدر کو سزا پران حلقوں میں الیکشن ملتوی نہیں ہوئے تو حنیف عباسی کو سزا ملنے کے بعد این اے 60 پربھی انتخابی عمل کو روکا نہیں جاسکتا۔ کسی امیدوارکو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بْھگتیں؟

لاہور ہائی کورٹ نے صبح کا محفوظ کیاگیا فیصلہ شام چھ بجے سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی طرف سے این اے ساٹھ میں الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلہ کو درست قرار دیا ۔
عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ ایک بڑی جماعت کا امیدوار الیکشن سے آوٹ ہو گیاہے اس لیئے الیکشن کروا کر بڑی جماعت کی حق تلفی نہیں کی جاسکتی۔شیخ رشید نے فیصلہ کے بعد سپریم کورٹ جانے کااعلان کردیا۔

یاد رہے کہ 21 جولائی کے روزانسداد منشیات کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمرقید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات موٴخر کردیئے تھے۔

Comments are closed.