حسان نیازی کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، ضمانت منظور
فائل فوٹو
کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مستردکر دی گئی ۔عدالت نےحسان نیازی کی ضمانت منظور کر لی۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کی عدالت نے عمران خان کے لیگل ایڈوائزر حسان نیازی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے حسان نیازی کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جس کے بعد پولیس سخت سیکیورٹی میں حسان نیازی کو لے کر روانہ ہوگئی۔
حسان نیازی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو بیان میں کہا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں عمران خان کا لیگل ایڈوائزر ہوں۔
حسان نیازی کے خلاف 18 مارچ کو تھانہ ائیر پورٹ کوئٹہ میں اشتعال دلانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ عمران خان کے فوکل پرسن کو گزشتہ روز ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کیا گیا تھا جہاں پولیس انہیں اسلام آباد سے کوئٹہ لائی۔
واضح رہے کہ 20 مارچ کو اسلام آباد پولیس نے حسان نیازی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس ناکے پر مزاحمت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
Comments are closed.