جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں میٹروبس ٹکٹ فری ہوتے ہی شہریوں کی یلغار
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں میٹروبس ٹکٹ فری ہوتے ہی شہریوں کی یلغار،میٹرو اسٹیشنز میں رش بڑھ گیا اسی طرح میٹرو بسیں بھی جیم پیک ہوگئیں اور چھٹی والے دن بھی میٹرو، گرین بسز پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کا کو ملا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس مفت کیے جانے کے بعد ہفتے کے پہلے کاروباری روز میٹرو اسٹیشنز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دفتری اوقات کے آغاز پر مختلف میٹرو اسٹیشنز پر لمبی قطاریں لگ گئیں، جہاں ایک ایک قطار میں سیکڑوں افراد موجود تھے۔ بعض مقامات پر تین، تین قطاریں بن گئیں، جس سے مسافروں کو ٹکٹ کے حصول اور بس میں سوار ہونے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا۔
میٹرو انتظامیہ کی جانب سے مفت سفر کے باوجود ریکارڈ برقرار رکھنے کے لیے ٹکٹ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے عملہ شہریوں کے شناختی کارڈ چیک کر کے مفت ٹکٹ جاری کر رہا ہے، تاہم اس عمل نے رش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ٹکٹ فری ہونے پر میٹرو بس اسٹیشن پر رش لگا ہے pic.twitter.com/X7BCDbMR9Z
— Zameeni Haqaiq ᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠᅠ (@zameenihaqaiq) April 6, 2026
شہریوں کا کہنا ہے کہ دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بروقت پہنچنا مشکل ہو گیا ہے، جبکہ بزرگوں، خواتین اور طلبہ کو خصوصی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی مسافروں نے شکایت کی کہ انتظامات ناکافی ہیں اور رش کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے میٹرو بس کے ساتھ ساتھ گرین لائن بس، بلیو لائن بس اور اورنج لائن بس میں بھی 4 اپریل سے 30 دن کے لیے مفت سفر کی سہولت دی گئی ہے، جس کے بعد ان بسوں میں بھی مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ٹرانسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ رش کو کم کرنے کے لیے اضافی بسیں چلانے اور سروس کے دورانیے میں اضافہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments are closed.