تیندوا نسٹ یونیورسٹی پہنچ گیا،ویڈیو وائرل، سٹوڈنٹس اور عملہ خوفزدہ
فوٹو : اسکرین شاٹ
اسلام آباد : تیندوا نسٹ یونیورسٹی پہنچ گیا،ویڈیو وائرل، سٹوڈنٹس اور عملہ خوفزدہ ہوگیا، تیندوا یونیورسٹی کے اندر روشنی میں سڑک پر گشت کرتا رہا، اطلاع ملنے پر وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی لیکن تب تک تیندوا کہیں غائب ہو گیا.
اسلام آباد کے سیکٹر H-12 میں واقع نجی جامعہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے کیمپس میں تیندوے کی موجودگی نے طلبہ اور عملے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تیندوا سی سی ٹی وی فوٹیج میں یونیورسٹی حدود میں گھومتا ہوا دیکھا گیا، جس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر طلبہ کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔ یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک تیندوا پکڑا نہیں جاتا، طلبہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔
واقعے کے بعد اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کو آگاہ کیا گیا، جس کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کیمپس میں ٹریپ کیجز نصب کر دیے ہیں تاکہ تیندوے کو محفوظ طریقے سے پکڑا جا سکے۔
ترجمان وائلڈ لائف بورڈ کے مطابق 24 مارچ کی رات تیندوا دیکھے جانے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں مسلسل علاقے کی نگرانی کر رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جانور کی نقل و حرکت کو سیکٹر H-10 سے H-12 تک ٹریک کیا جا رہا ہے۔
وائلڈ لائف حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، بچوں کو اکیلا باہر نہ جانے دیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔
Comments are closed.