توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو طلب

45 / 100

فائل:فوٹو

 

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو طلب کرلیا۔ممبر کے پی نے کہا کہ ممبر پنجاب کی معذرت والی بات پر غور کریں، ہمیں ولن تو نہ بنائیں۔

 

الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنماوٴں کے وکیل فیصل چوہدری کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ علالت کے باعث ان کے موکلان پیش نہیں ہوسکتے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اپیل پر تحریری فیصلہ نہیں آیا، مناسب ہوگا کہ سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز اور فیصلہ آنے دیا جائے۔

 

اسد عمر کے وکیل انور منصور نے کہا کہ مناسب ہوگا سب کا کیس ایک ساتھ ہی چلایا جائے۔ممبر کے پی الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم پر کوئی شک نہ کریں کسی سے عناد نہیں، اگر کمیشن غلطی کرتا ہے تو ہائیکورٹ سے آپکو ریلیف مل جائے گا۔

 

ممبر سندھ نے کہا کہ توہین کسی کی ذات کی نہیں کمیشن کی بطور ادارہ ہوئی ہے۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ کمیشن انصاف کرے گا۔

 

ممبر پنجاب نے کہا کہ اسد عمر نے عدالت میں معافی مانگی تو یہاں کیوں نہیں آتے؟ کمیشن آ کر بھی کہ دیں کہ یہ نہیں کہنا چاہتے تھے، ماحول میں بہتری آنا بہت ضروری ہے۔ فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ آپ کا پیغام پہنچا دوں گا۔

 

ممبر کے پی نے کہا کہ ممبر پنجاب کی معذرت والی بات پر غور کریں، ہمیں ولن تو نہ بنائیں۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت تین جنوری تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.