ترکی میں 6.8 شدت کا زلزلہ، عمارتیں منہدم ، 19 افراد ہلاک، 651 زخمی

فوٹو : اے ایف پی

استنبول(ویب ڈیسک)رات گئے ترکی کے مشرقی صوبے الازیع میں آنے والے 6.8 شدت کے زلزلے سے19 افراد ہلاک جبکہ 600 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے.

ترک خبررساں ادارے اناطولو نیوز کے مطابق ریسکیو ٹیمز تباہ حال عمارتوں کے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کررہی ہیں جبکہ اب تک ڈزاسٹر اینڈ منیجمنٹ پریزیڈینسی نے ہلاکتوں کے علاوہ 651 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔

اے ایف پی کی رپورٹ میں اے ایف ڈی اے کے حوالے سے بتایا گیا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 55 منٹ پر آیا 6.8 شدت کے زلزلے کے بعد 5.1اور 5.4 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔

لوگ زلزلے کے بعد گھروں سے باہر نکل آئے اور سرد ترین موسم میں خود کو گرم رکھنے کے لیے سڑکوں پر آگ جلا کر بیٹھے رہے، جو لوگ اپنے گھروں میں واپس جانے سے خوف زدہ تھے انہیں طالبعلموں کے ہاسٹلز اور اسپورٹس سینٹر منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ’ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔

ترک نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق مشرقی ترکی میں عراق اور شامی سرحد کے قریبی علاقوں کے علاوہ کئی صوبوں میں زلزلہ محسوس کیا گیا اور اطراف کے شہروں نے زلزلے کے متاثرہ مقامات پر ریسکیو ٹیمز روانہ کردی ہیں۔

ترکی کے صوبائی گورنرز کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے الازگ میں زلزلے سے 14 افراد ہلاک اور 225 زخمی ہوگئے۔ ملاتیا صوبے میں بھی زلزلے سے کئی افراد ہلاک ہوئے، متاثرہ علاقوں میں شدید سردی کے باعث بستر، خیمے اور کمبل بھیج دیئے گئے ہیں۔

Comments are closed.