بھارتی ہائی کمشنرواپس اسلام آباد پہنچ گیے


اسلام آباد(زمینی حقائق ) پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے بعد بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جب کہ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود بھی آج نئی دلی روانہ ہورہے ہیں۔

اجے بساریہ کی واپسی کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ اجے بساریہ بھارت میں مشاورت مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے ہیں اور اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود بھی آج نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ان کی واپسی کا بھی فیصلہ ہو چکا ہے۔

یاد رہے کہ 14 فروری کو پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت میں تناؤ بڑھتا گیا اور کشیدگی میں اضافہ اس وقت ہوا جب 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب کو بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

اگلے روز پاکستان نے اپنی حدود میں گھسنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا اور بھارتی پائلٹ کو گرفتا کرلیا، اس تمام تر صورتحال کے بعد دونوں ملکوں نے اپنے ہائی کمشنرز کو مشاورت کے لیے طلب کیا تھا۔

Comments are closed.