بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کادورہ ختم،نیوزی لینڈ سےواپس بلالیاگیا

کرائسٹ چرچ (نیٹ نیوز) نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشتگرد حملوں کے بعد بنگلادیش کر کٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ ختم کر کے کھلاڑیوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔    

کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے علاقے ڈینز ایونیو  کی النور مسجد میں حملہ آور نے اس وقت اندھا دھند فائرنگ کی جب  نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی مسجد میں تھے۔

فائرنگ کے واقعے میں بنگلادیشی کرکٹرز محفوظ رہے جس کی تصدیق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی کی ہے۔

کیویز بورڈ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے باہمی رضا مندی سے فیصلہ کیا ہے کہ کل کھیلا جانے والا ہیگلے اوول ٹیسٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔

کیویز بورڈ نے تصدیق کی کہ دونوں ٹیمیں اور اسٹاف محفوظ ہے ہیگلے اوول ٹیسٹ کی منسوخی کے بعد بنگلادیش کا دورہ نیوزی لینڈ بھی ختم ہوگیا جس کے بعد مہمان ٹیم نے واپسی کے انتظامات شروع کردیے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق کھلاڑی اس وقت کرائسٹ چرچ میں سخت پریشانی میں ہیں جن کی واپسی کے لیے سفری انتظامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں۔

Comments are closed.