بلوچستان دہشتگردی: پی ٹی آئی کا سکیورٹی فورسز کے خلاف ٹرولنگ سے دوٹوک اعلان لاتعلقی

بلوچستان دہشتگردی: پی ٹی آئی کا سکیورٹی فورسز کے خلاف ٹرولنگ سے دوٹوک اعلان لاتعلقی

فوٹو : فائل

اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے بعد سکیورٹی فورسز کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی ٹرولنگ اور توہین آمیز مہم میں ملوث افراد اور اکاؤنٹس سے واضح اور دوٹوک انداز میں لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

 پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اس معاملے پر پارٹی کے مؤقف میں کوئی ابہام نہیں۔ دہشتگردی کے واقعات میں سکیورٹی فورسز کے شہداء پر تنقید یا تضحیک کرنے والوں سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی پالیسی ہمیشہ واضح رہی ہے کہ فوج ہماری اپنی ہے اور پاکستان کے وجود اور سلامتی کے لیے نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا مذاق اُڑانا یا انہیں کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔

 اس باضابطہ اعلان کے باوجود پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنے ہی سوشل میڈیا نیٹ ورک سے بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کا سوشل میڈیا زیادہ تر بیرونِ ملک سے چلایا جاتا ہے، جو نہ تو پارٹی چیئرمین، نہ سیکرٹری اطلاعات اور نہ ہی سیاسی کمیٹی کے براہِ راست کنٹرول میں ہے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی کالعدم تنظیم بی ایل اے نے بلوچستان کے آٹھ اضلاع میں دہشتگرد حملے کیے، جنہیں سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔ ان کارروائیوں کے دوران تین دن میں 177 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان دہشتگرد حملوں میں 17 سکیورٹی اہلکار اور 33 معصوم شہری شہید ہوئے۔

خواجہ آصف نے واضح الفاظ میں کہا کہ دہشتگردوں کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے اور ریاست دہشتگردی کا جواب پوری طاقت کے ساتھ دے گی۔

بلوچستان دہشتگردی: پی ٹی آئی کا سکیورٹی فورسز کے خلاف ٹرولنگ سے دوٹوک اعلان لاتعلقی

Comments are closed.