بجٹ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز اور بحرانوں سے نبرد آزما ہونے کا آغاز ہے،وزیراعظم
فائل:فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پیدا کیے گئے سیاسی عدم استحکام نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے میثاق معیشت ہی عوامی خوش حالی کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی، گلوبل سپلائی چین میں رکاوٹوں اور جیواسٹریٹجک تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے نئے مالی سال کا بجٹ بنانا ایک مشکل کام تھا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پیدا کیے گئے سیاسی عدم استحکام نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ حالیہ بجٹ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز اور بحرانوں سے نبرد آزما ہونے کا آغاز ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے بجٹ بنانے کے لیے ایسے شعبوں کو ترجیح میں رکھا جن کے ذریعے اقتصادی ترقی تیز ہو، سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت کو خودکفیل بنایا جا سکے۔ بجٹ میں کم سے کم اجرت کو بڑھا کر 32 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اثرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں میں بالترتیب 35 اور ساڑھے 17 فی صد تک اضافہ کرکے ریلیف فراہم کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے۔ چارٹر آف اکانومی ہی عوامی خوشحالی کے لیے آگے برھنے کا واحد راستہ دکھائی دیتا ہے۔
Comments are closed.