ایران کے سفیر کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ،حمایت کرنے پر شکریہ

فوٹو : پی آر 

اسلام آباد : پاکستان میں ایران کے سفیر کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ،حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا، اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں اہم سفارتی سرگرمی دیکھنے میں آئی جہاں پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی سفیر رضا امیری نے اس موقع پر مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حمایت دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جاری تنازعے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ کشیدگی کا جلد پرامن حل نکل آئے گا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Comments are closed.