انگین التان دوزیتان کا کاشف ضمیر کیخلاف قانونی چارہ جوئی کااعلان


اسلام آباد( ویب ڈیسک) ترکی کے ڈرامے ارطغرل غازی کے ہیرو ترکش اداکار انگین التان دوزیتان نے کاروباری شخصیت کاشف ضمیر سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ منسوخی کے بعد ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی فیصلہ کرلیاہے۔

انگین التان دوزیتان کے میڈیا آفس نے ایک اور بیان بھی جاری ہواہے جس کے مطابق پاکستانی کمپنی چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے مالک اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے ساتھ کیا جانے والا معاہدہ ختم کرنے سے متعلق پچھلی پریس ریلیز اب بھی برقرار ہے۔

اس حوالے سے وائس آف امریکا کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ترک اداکار نے اعلان کیا کہ اگر کاشف ضمیر کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان سے متعلق بے بنیاد دعوے بند نہ کیے گئے تو بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

یہ پریس ریلیز انگین التان کے میڈیا منیجر کی طرف سے جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ ترک اداکار کا کاشف ضمیر کے ساتھ کوئی بھی تعلق نہیں ہے اورمعاہدے کی منسوخی کے حوالے سے کاشف ضمیر کو مکمل قانونی ضابطے کے تحت آگاہ کیا گیا تھا۔

پریس ریلیز میں کاشف ضمیر کی جانب سے میڈیا کو دیے گئے بیانات پر حیرت کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کاشف ضمیر کے مبینہ طور پر خود ساختہ بیانات پر قانونی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ سال 10دسمبر کو ترک ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان دوزیتان 2 روزہ دورے پر پاکستان کے شہر لاہور آئے تھے اوردورے کے دوران انہوں نے چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے ساتھ معاہدے بھی کیے۔

بظاہر بتایا گیاہے کہ ہاوسنگ سوسائٹی غیر قانونی ہے اس لئے معاہدہ منسوخ کیا گیا تاہم ذرائع کے مطابق معاہدہ کی منسوخی میں ایک اور ایک ملک کے تحفظات کو پیش نظر رکھ کرمعاہدہ منسوخ ہونے کا جواز بنایا گیاہے ۔

اس سے پہلے معاہدے کی منسوخی سے متعلق پریس ریلیز میں ترک اداکار نے کہا تھا کہ میں یہ اعلان کررہا ہوں کہ میں نے پاکستانی کمپنی ‘چوہدری گروپ آف انڈسٹریز’ سے برانڈ ایمبسیڈر کا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

پہلے پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ کاشف ضمیر نے طے کی گئی مدت کے باوجود معاہدے کے کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا اور اسی لیے ہم نے یکطرفہ طور پر معاہدہ منسوخ کردیا ہے اورمیاں کاشف ضمیر، محمد اسمٰعیل اور ان کی کمپنی چوہدری گروپ آف انڈسٹریز سے لاتعلقی کااظہار کیاگیا۔

Comments are closed.