انگریز نے حکمرانی کیلئے تعلیم کے 2 طبقات بنائے تھے، وزیراعظم


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے آج میری دیرینہ خواہش یعنی یکساں نصاب تعلیم پوری ہوئی ہے میں کہتا تھا کہ یکساں نصاب تعلیم لاوں گا تو کہا جاتا تھا یہ ناممکن ہے کیونکہ ، انگریزوں نے حکمرانی کے لئے 2 طبقات بنادیئے تھے۔

یکساں نظام تعلیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں امیروں کے بچے انگلش میڈیم تعلیمی اداروں میں پڑھتے تھے، سول سروس میں انگریزی نظام تعلیم میں نہ پڑھنے والے سول سروس میں نہیں جاسکتے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے آزادی کے بعد سب سے بڑا ظلم یہ کیا کہ یکساں نظام تعلیم رائج نہیں کیا، تعلیم میں تقسیم کے باعث بچوں کی سوچ مختلف ہے، مراعات یافتہ طبقہ جب نظام سے فائدہ اٹھاتا ہے تووہ اس کو تبدیل نہیں ہونے دیتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں یہی مراعات یافتہ طبقہ نظام سے فائدہ اٹھارہا تھا، ہم جانتے ہیں کہ یکساں نصاب کے نفاذ کے لئے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن کشتیاں جلا کر بڑے قدم کی طرف جانا پڑتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم کسی کی ثقافت کو اپنا کر پیغام دیتے ہیں وہ ہم سے بہتر ہیں، کبھی بھی ایک ذہن غلام بڑا کام نہیں کرسکتا، کسی کی نقل کرکے ہم اچھے غلام بن سکتے ہیں لیکن آگے نہیں جاسکتے کیونکہ دنیا میں اختراعی ذہن والے اوپر جاتے ہیں۔

انھوں نے افغانستان کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ابھی غلامی کی زنجیریں تو توڑ ی گئی ہیں لیکن ذہنی غلامی کی زنجیریں نہیں ٹوٹیں۔ ذہنی غلامی یہ ہے کہ ہم دوسروں کو خود سے اچھا سمجھ کر ان کی تقلید کرنا شروع کردیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یکساں نصاب ہمارے نوجوانوں کو ایک سمت دے گا اور غیر ملکی ثقافتوں کی یلغار سے چھٹکارا ملے گا، آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کو حضرت محمد خاتم النبین کی حیات مبارکہ اور تعلیمات سے متعلق پڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے وزیر تعلیم سے کہا کہ مشاورت کے بعد اگلے پانچ سے چھ ماہ میں ان کلاسوں کیلئے یکساں نصاب نافذ کیا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اقلیتوں کو بھی اپنے مذاہب سیکھنے سے متعلق موقع فراہم کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یکساں قومی تعلیمی نصاب کے پہلے مرحلے کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ بھی یہ نصاب اپنائے۔وفاقی وزیر نے کہا معاشرے میں ناانصافی کے خاتمے کی طرف یہ بڑا قدم ہے۔

Comments are closed.