انڈس اے آئی ویک 2026 پاکستان کے ٹیکنالوجیکل مستقبل کا رخ بدل دے گا، وزیراعظم
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈس اے آئی ویک 2026 پاکستان کے ٹیکنالوجیکل منظرنامے میں انقلابی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ ایونٹ ملک کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں انڈس اے آئی ویک 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کے ساتھ ہی ملک میں اے آئی کے فروغ کے لیے اس بڑے قومی ایونٹ کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات میں ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ کی فراہمی، ای لائبریریز کا قیام، تعلیمی نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری شامل ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان ترقی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں علم، ٹیکنالوجی اور جدت معیشت کی بنیاد بن رہی ہے۔
ڈیجیٹل اصلاحات ، شفاف نظام کی بنیاد اورآئی ٹی میں کامیابیاں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں پہلا سیف سٹی منصوبہ اور ملک کی پہلی آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام موجودہ دور کی نمایاں کامیابیاں ہیں، جنہوں نے شہری سلامتی اور جدید تعلیم کے شعبے میں نئی مثالیں قائم کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ای اسٹامپ پیپر کے اجرا سے حکومتی آمدن میں اضافہ ہوا اور زمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے سے شفافیت کو فروغ ملا۔
انہوں نے بتایا کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے باعث نہ صرف عوام کو سہولت ملی بلکہ کرپشن کے خاتمے میں بھی نمایاں مدد ملی اور ریونیو افسران کی بدعنوانی کا مؤثر تدارک ممکن ہوا۔ وزیراعظم کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مکمل ڈیجیٹائزیشن سے محصولات کی وصولی میں شفافیت آئی جبکہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے بندرگاہوں پر جدید اسکینرز اور ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے۔
پاکستان کے60 فیصد نوجوان ، اے آئی اور مستقبل کی معیشت
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں جدید علم، ڈیجیٹل مہارتوں اور مصنوعی ذہانت سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب اے آئی کے شعبے میں عالمی سطح پر قدم رکھنے کے لیے تیار ہے اور انڈس اے آئی ویک اس سمت میں ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور تکنیکی مہارتیں فراہم کی ہیں۔ وفاق، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے اسکولوں میں اے آئی پر مبنی نصاب متعارف کرا دیا گیا ہے جو مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل انقلاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انڈس اے آئی ویک کے ذریعے جامعات، اسٹارٹ اپس اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے تحت عوام کو بنیادی اے آئی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں جبکہ ٹیکس نظام میں اے آئی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے شفافیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے آئی ٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دے کر پاکستان کو ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور ملک کو چوتھے صنعتی انقلاب کے لیے تیار کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی ہی پاکستان کی پائیدار ترقی کی کنجی ہے۔
انڈس اے آئی ویک 2026 پاکستان کے ٹیکنالوجیکل مستقبل کا رخ بدل دے گا، وزیراعظم
Comments are closed.