امریکی صدر کی فنڈ روکنے کی دھمکی نامناسب ہے، ڈبلیو ایچ او


ویب ڈیسک ۔ فوٹو: فائل


جنیوا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے فنڈز روکنے کی دھمکی پر عالمی ادارہ صحت نے صدر ٹرمپ کو آڑھے ہاتھوں لیا اور جانبداری کا الزام بھی مسترد کردیاہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کے مشیر نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جس نے چین سمیت کورونا وائرس میں مبتلا دیگر ممالک کی یکساں مدد کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا بیان حقائق کے منافی ہے، جانبداری کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس وبا جیسے نازک صورت حال میں فنڈز روکنے کی دھمکی نامناسب رویہ ہے۔

ڈاکٹر بروس ایلورڈ نے صدر ٹرمپ کی فنڈز بند کرنے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک خطرناک وائرس سے نبرد آزما ہے اور یہ وقت فنڈنگ روکنے کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کا ہاتھ مضبوط کرنے کا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کے مشیر نے یورپ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی حکومتیں کورونا وائرس کیخلاف سخت اور ٹھوس اقدامات اُٹھائیں اور ہر قسم کی احتیاطی تدابیر کو لازمی اختیار کریں۔

یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ڈبلیو ایچ پر یہ تنقید کی جا رہی ہے کہ اس نے کرونا وائرس کے پھیلاو سے متعلق درست معلومات فراہم نہیں کیں اور اس کا جھکاو چین کی جانب ہے۔

امریکی صدر نے الزام عائد کیا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاو سے متعلق ڈبلیو ایچ او نے امریکہ کو درست مشورے نہیں دیے اور اس کی توجہ چین کی طرف زیادہ ہے، اس لیے وہ عالمی ادارے کی امداد روک لیں گے۔

ٹیڈروس گیریاسس نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے کرونا وائرس کے پھیلاو سے متعلق تمام ملکوں کو تازہ ترین اعداد و شمار، درست معلومات اور شواہد کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

Comments are closed.