امریکا نے ”ایرانی پاسداران انقلاب“ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا
واشنگٹن(نیٹ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ”ایرانی پاسداران انقلاب“ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں پاسداران انقلاب کو ’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار د یا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران دہشت گردی کی مالی مدد کرنے اور دہشت گردی کو فروغ دینے والا ملک ہی نہیں بلکہ ایرانی سیکورٹی فورس پاسداران انقلاب براہ راست دہشت گردی میں بھی ملوث ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنے دہشت گردانہ عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پاسداران انقلاب کو شام، لبنان، یمن اور لیبیا میں استعمال کیا جس کے امریکا کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔
اس کی روشنی میں وائٹ ہاوس انتظامیہ نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے بھی ٹویٹ میں پاسدران کو دہشتگرد قرار دینے کی تصدیق کی اور کہا ہمیں ایرانی عوام کی مدد کرنی چایئے۔
یادرہے کہ امریکا گزشتہ برس عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہوکر ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرچکا ہے جب کہ پہلے ہی پاسداران انقلاب کے چند اہلکاروں کو دہشت گرد قرار دے کر سفری پابندیاں لگا چکا ہے۔
دنیا میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ملک کی سیکیورٹی فورس کو دوسرے ملک کی جانب سے دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہو۔
Comments are closed.