الیکشن کمیشن نے علی حید ر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) سینیٹ الیکشن سے ایک دن پہلے سینیٹ میں پی ڈی ایم کے امیدوار سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کے بیٹنے علی حیدر گیلانی نے کھلبلی مچادی، ووٹ خراب کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں اعتراف بھی کرلیا جب کہ الیکشن کمیشن نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں ، اس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے اور ترجمان کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔

دوسری طرف ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان پہنچی ہے اور یوسف رضاگیلانی کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی پیش بندی کی جارہی ہے۔

ابھی ویڈیو پر ردعمل آہی رہا تھا کہ کہ علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں اعتراف کرلیا کہ ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ منظر عام پر آئی ویڈیو میری ہے، اس میں ممبران اسمبلی سے سینیٹ الیکشن پر بات ہورہی تھی ، اس سے آگے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی ارکان ہمارے پاس آئے تھے۔

علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں میری گفتگو سب کے سامنے ہے جب کہ عمران خان نے جس طرح ووٹ خریدا وہ بھی سب کے سامنے ہے، انہوں نے ارکان قومی اسمبلی کو 50 ،50 کروڑ روپے فنڈز دیے کیا یہ ووٹ خریدنا نہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ساری زندگی ضمیرکا ووٹ مانگا ہے ،ہم نے کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا،تمام ممبران اسمبلی سے ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ نمبرز یاد رکھنا ہے، اس دوران ایک اور شخص مختلف ووٹ نمبر بتاتاہے جس کے جواب میں علی حیدر بتاتے ہیں کہ خفیہ ووٹ ہوتو کیا کرناہے اور دوسری صورت ہوتو کیا کیا جائے۔

Comments are closed.