افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ عسکری اعزازات
فوٹو : فائل
اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ عسکری اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے۔
Inter-Services Public Relations (آئی ایس پی آر) کے مطابق مجموعی طور پر 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغۂ امتیاز (ملٹری) دینے کی منظوری دی گئی ہے، جو نمایاں پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے والے افسران کو دیے جائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق بہادری اور جرات کے اعتراف میں 11 ستارۂ بسالت اور 475 تمغۂ بسالت دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے، جبکہ 130 امتیازی اسناد جاری کی جائیں گی۔
صدرِ مملکت نے مزید 378 چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی اسناد دینے کی بھی منظوری دی ہے، جو افسران اور جوانوں کی غیرمعمولی کارکردگی کے اعتراف میں دی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو بھی اعلیٰ عسکری اعزازات سے نوازا گیا ہے، جن میں میجر سبطین حیدر، میجر حمزہ اسرار اور کیپٹن حسنین اختر سمیت دیگر شامل ہیں۔
فوجی اعزازات حاصل کرنے والوں میں بری، بحری اور فضائی افواج کے افسران اور جوان شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ اعزازات افواجِ پاکستان کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف ہیں، اور قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
Comments are closed.