افغان پارلیمان کے سربراہان کا اسد قیصر سے ٹیلیفون رابطہ


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغان چیئرمین سینیٹ فضل ہادی اور اسپیکر ولوسی جرگہ میر رحمان نے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ کرکے دورہ ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے.

افغان پارلیمان کے سربراہان نے ٹیلیفون رابطہ کے دوران اسد قیصر سے دورہ ملتوی ہونے پر تبادلہ خیال کیا، پاکستانی وفد کا جہاز سیکیورٹی خدشات کے باعث کابل ایئرپورٹ نہیں اتر سکا۔

اسپیکر ولوسی جرگہ میر رحمان رحمانی کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کی سیکیورٹی ہر چیز پر مقدم ہے، بہت جلد پاکستان کا پارلیمانی وفد کابل کے دورے پر آئے گا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر جلد افغانستان آؤں گا، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور برادر پڑوسی ملک میں سکیورٹی کے خدشات سے بھی آگاہ ہیں.

Comments are closed.