اسلام آباد میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ،لڑکارات2 بچے یونیورسٹی گرلزہاسٹل پہنچ گیا، ویڈیو وائرل

اسلام آباد میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ،لڑکارات2 بچے یونیورسٹی گرلزہاسٹل پہنچ گیا، ویڈیو وائرل

فوٹو : اسکرین شاٹ

اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ،لڑکارات2 بچے یونیورسٹی گرلزہاسٹل پہنچ گیا، ویڈیو وائرل ،اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں سکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک نامعلوم نوجوان گزشتہ رات دیوار پھلانگ کر گرلز ہاسٹل میں داخل ہوگیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس کے بعد طالبات اور والدین میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ نوجوان رات تقریباً 2 بجے گرلز ہاسٹل میں داخل ہوا اور ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ہاسٹل کے اندر موجود رہا۔ بعد ازاں طالبات نے اسے ہاسٹل کے واش روم میں دیکھا، جہاں وہ مبینہ طور پر گانے گاتا ہوا پایا گیا۔ طالبات کے شور مچانے پر لیڈی وارڈن اور سکیورٹی عملہ موقع پر پہنچا اور نوجوان کو قابو میں لے لیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص خود کو راول ڈیم کے قریب کا رہائشی قرار دیتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ گرلز ہاسٹل آیا ہے۔ تاہم ویڈیو میں نوجوان کی غیر سنجیدہ گفتگو اور طرزِ عمل نے مزید سوالات کو جنم دیا ہے۔

واقعے کے بعد گرلز ہاسٹل میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اتنے حساس مقام پر ایک نامعلوم شخص کیسے داخل ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے تک بغیر کسی روک ٹوک کے ہاسٹل میں کیا سرگرمیاں انجام دیتا رہا۔

طالبات کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے فوری اور مؤثر کارروائی نظر نہیں آئی، جو سکیورٹی نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں بلکہ ہاسٹلز کی سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔

https://https://x.com/_Haroon79/status/2007875835869700155?s=20

دوسری جانب پولیس کا مؤقف ہے کہ نوجوان گرلز ہاسٹل نمبر 5 میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوا تھا۔ طالبات کے شور پر لیڈی وارڈن اور سکیورٹی اسٹاف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لڑکے کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور نوجوان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی واقعے کی اندرونی انکوائری شروع کردی ہے، جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کی غفلت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ نوجوان کس مقصد کے تحت ہاسٹل میں داخل ہوا اور آیا اس کے پیچھے کوئی منظم غفلت یا سکیورٹی خامی موجود تھی۔

یہ واقعہ ایک بار پھر تعلیمی اداروں خصوصاً گرلز ہاسٹلز کی سکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھا رہا ہے، جہاں طالبات کے تحفظ کو اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

Comments are closed.