قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی ف کے دفتر کے باہر دھماکا، 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی

46 / 100

فائل:فوٹو
قلعہ سیف اللہ:بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں بھی دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ دھماکا جے یو آئی کے امیدوار مولانا عبدالواسع کے انتخابی دفتر کے باہر ہوا ہے، دھماکے کے وقت جمعیت کے امیدوار مولانا عبدالواسع دفتر میں موجود نہیں تھے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پہنچ گئیں اور اسے گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے۔دھماکے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

نگراں وزیر اعلی بلوچستان نے ہدایت دی ہے کہ تخریب کاری کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خوف زدہ نہ ہوں حق رائے دہی کے استعمال کے لیے ضرور نکلیں۔

قبل ازیں بلوچستان کے ہی ضلع پشین میں خانوزئی کے علاقے میں آزاد امیدوار کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق خانوزئی میں پی بی 47 میں دھماکا انتخابی امیدوار اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا تھا۔

دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق میڈیا اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّہ میں جمیعت علما اسلام ف کے دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد کے جاں بحق ہونے والے اور 8 افراد کے زخمی ہونے کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں اور ہدایت کی ھے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ۔

Comments are closed.