عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

52 / 100

فائل:فوٹو
لاہور: آٹھ فروری 2024ء میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے، ایم کیو ایم پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے بعد مسلم لیگ (ن) نے بھی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھتے ہوئے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے صرف 3 دن دیئے گئے، دستاویزات مکمل کرنے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے، مکمل نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہو جاتے ہیں، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کی جائے۔

گزشتہ روز بھی متعدد سیاستدانوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کروانے کا سلسلہ جاری رہا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قومی اسمبلی کے حلقہ 260 اور بلوچستان کے حلقہ 32 سے انتخابات میں حصہ لیں گے، فضل الرحمان نے این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی کے 50 اور این اے 19 کیلئے کاغذات جمع کرا دیئے، سردارلطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ، صبا صادق، تہمینہ دولتانہ، عظمٰی کاردار، لیاقت بلوچ، شعیب صدیقی اور مراد راس نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے انتخابات کیلئے ملک کے مختلف حلقوں کا چناوٴ کیا گیا ہے، قائد (ن) لیگ میاں نواز شریف این اے 15 مانسہرہ اور لاہور کے حلقہ این اے 130 سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے، انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔

پارٹی کے صدر شہباز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 123 اور پی پی 158 جبکہ کراچی کے حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے، مریم نواز این اے 119 اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر میدان میں اتریں گی، حمزہ شہباز این اے 118 سے انتخاب لڑیں گے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کیلئے این اے 207 نواب شاہ سے انتخابی فارم جمع کروا دیے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری این اے 194 لاڑکانہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے، سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے این اے 148 ملتان سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

بانی پاکستان تحریک انصاف میانوالی، لاہور اور اسلام آباد کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، سابق وزیر اعظم کے وکیل نے اڈیالہ جیل میں کاغذات نامزدگی پر دستخط کروا لیے جو آج جمع کروائے جائیں گے۔

چوہدری پرویز الہٰی گجرات، منڈی بہاوٴالدین اور تلہ گنگ سے 3 قومی اور 3 صوبائی حلقوں سے انتخاب لڑیں گے، ڈاکٹر یاسمین راشد اور شفقت محمود نے بھی کاغذات جمع کروا دیئے۔

سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین اور ان کے بیٹے علی ترین نے این اے 155، پی پی 227 اور پی پی 228 سے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے، جہانگیر ترین کی صاحبزادی مہرخان ترین نے بھی قومی سیاست میں قدم رکھ لیا اور ان کی جانب سے این اے 155 کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے ہیں، مہر خان ترین پی پی 227 سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گی۔

آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے این اے 119 لاہور کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے، وہ لاہور ہی سے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 149 سے بھی امیدوار ہوں گے، ہمایوں اختر خان نے این اے 97 تاندلیانوالہ سے الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور راشد شفیق نے این اے 56 اور 57 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے، الیکشن کمیشن نے دونوں کو 24 تاریخ کو دن دس بجے سکروٹنی کیلئے طلب بھی کر لیا ہے، این اے 56 میں راشد حفیظ، این اے 53 سے چوہدری نثار علی خان، انجینئر قمر اسلام، چودھری نعیم اعجاز، اجمل صابر نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔

ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے این اے 242 میں الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے جبکہ این اے 243 سے ہمایوں عثمان نے ایم کیو ایم کے امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے، کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل 22 دسمبر تک جاری رہے گا، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہو گی۔

تین جنوری 2024ء کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلوں کیلئے مختص کیا گیا ہے جبکہ 10 جنوری کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلے کا آخری دن ہو گا۔

گیارہ جنوری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرستیں جاری کی جائیں گی جبکہ 12 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، امیدواروں کو 13 جنوری کو انتخابی نشان دیئے جائیں گے۔

Comments are closed.