امریکہ و برطانیہ جنگ میں عملاً شامل، حوثیوں کے ڈرون گرادیئے، مزید 35 فلسطینی شہید
فوٹو: فائل
غزہ: امریکہ و برطانیہ جنگ میں عملاً شامل، حوثیوں کے ڈرون گرادیئے، مزید 35 فلسطینی شہید ، اسرائیلی افواج نے جبالیہ، خان یونس سمیت کئی علاقوں پر حملے کرکے مزید 35 فلسطینی شہید کئے، مسلم ممالک غزہ میں ظلم کی انتہا کے باوجود مذمتوں تک محدود ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج کی جبالیہ کیمپ پر بمباری سے 14 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ کمال عدوان اسپتال میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بھی بلڈوزر چڑھا دیے.
ادھر مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 2 فلسطینی شہید ہوئے، غزہ کے تباہ برباد ہونے کے بعد فرانسیسی وزرات خارجہ نے اسرائیلی افواج کی جانب سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے.
بتایا گیا ہے کہ رفح میں اسرائیلی بمباری سے فرانس کا ایک اہلکار بھی جاں بحق ہو گیا ہے جو کہ اپنے ساتھیوں اوران کے اہل خانہ کے ہمراہ ایک گھر میں پناہ لیے ہوئے تھا جسے بدھ کے روز اسرائیلی فضائیہ نے اپنی بمباری کا نشانہ بنایا۔
ادھر اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہزاروں فلسطینیوں کے شہید ہوجانے کے باوجود امریکا کی طرف سے اسرائیل کی عملی مدد بھی جاری ہے، امریکا نے بحیرۂ احمر میں حوثیوں کے 14 ڈرون مار گرائے۔
برطانیہ بھی اسرائیل کی عملی مدد میں پیش پیش ہے برطانوی جنگی جہاز نے بھی گزشتہ رات بحیرہ احمر میں مشتبہ ڈرون حملہ ناکام بنایا تھا، حوثیوں نے اسرائیل آنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانا چاہا تھا۔
جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی فورسز کی جانب سے بھی غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج پر راکٹوں، مارٹر گولوں اور اسنائپر رائفلز سے حملے کیے گئے، حماس کے جوابی حملوں میں متعدد فوجی ہلاک ہوئے۔
القسام بریگیڈز نے وسطی غزہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کونشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی، القسام مجاہدین نے اسرائیلی فوجیوں کے خیمے میں گھس کر ان کو ہلاک کیا۔
ادھر قطری حکام نے تصدیق کردی ہے کہ غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی کیلئے اسرائیل، قطر اور مصری حکام کے درمیان بات چیت کا آغاز کردیا گیا ہے، دوبارہ جنگ بندی کیلئے اسرائیلی سفارت کار کی قطر کے وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
Comments are closed.