پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو غزہ جنگ رک سکتی ہے،حماس سربراہ
فوٹو: فائل
اسلام آباد:حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو غزہ جنگ رک سکتی ہے،حماس سربراہ نے کہا ہمیں پاکستان سے بڑی امیدیں ہیں۔
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام حرمت اقصیٰ کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ دنیا میں مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن یہودی ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ اس جنگ میں ہمارے20 ہزار بچے عورتیں اور مرد شہید ہوچکے ہیں، ہم اس وقت اسرائیل کے جدید ترین ہتھیاروں کو تباہ کررہے ہیں ، ہمیں امید ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے اسرائیل اپنے ناپاک ارادوں میں ناکام ہوگا۔
اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اگر پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو جنگ رک سکتی ہے، پاکستان سے ہمیں بہت سی امیدیں ہیں پاکستان اسرائیل کو پسپائی پر مجبور کرے گا۔
کانفرنس سے خطاب میں حماس سربراہ نے کہا ہمارے مجاہدین ہر سطح پر اسرائیل کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں، فلسطینیوں کو پاکستان سے بڑی امیدیں ہیں، پاکستان ایک بہادر ملک ہے۔
اسماعیل ہانیہ نے کہا اگر یہاں سے اسرائیل کوروکا گیا تو ظلم رک سکتا ہے، ہمیں پاکستان سے بہت امید ہےکہ یہ مجاہدین کا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ساتھ امریکا اور دیگر ممالک دے رہے ہیں، ہمیں امید ہےکہ اسرائیل پسپا ہوگا اور حق کی فتح ہوگی۔
Comments are closed.