بھارت سری لنکا کو روندتے ہوئے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

50 / 100

فوٹو: اے ایف پی

ممبئی: آئی سی سی ورلڈکپ کے 33ویں میچ میں بھارت سری لنکا کو روندتے ہوئے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، لنکن ٹیم 358 رنز ہدف کے تعاقب میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی.

بھارت نے یکطرفہ مقابلے میں 302 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی، ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے حریف ٹیم کو 358 رنز کا ہدف دیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لنکن بولرز نے میچ کا آغاز شاندار طریقے سے پہلے ہی اوور میں بھارتی کپتان روہت شرما کی وکٹ حاصل کر کے کیا۔ روہت شرما 4 رنز بنا کر مدھوشنکا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد ویرات کوہلی اور شُبمن گِل نے 189 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کےلیے بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھ دی، ویرات کوہلی اور شبمن گل دونوں ہی اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔

بعدازاں گل 193 کے مجموعے پر 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کوہلی 196 کے مجموعے پر 88 رنز بنا کر پھر سنچری بنانے سے محروم رہے، چوتھی وکٹ پر شریاس ایئر اور کےایل راہول کے درمیان 60 رنز کی پارٹنرشپ بنی، راہول 256 کے مجموعے پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شریاس ایئر نے پہلے 12 رنز بنانے والے سریا کمار یادیو کے 20 اور رویندرا جڈیجا کے ساتھ 60 رنز کی شراکت بنائی۔ ایئر 49ویں اوور میں 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رویندرا جڈیجا نے 35 رنز بنا کر اننگز کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے۔ سری لنکا کے دلشن مدھوشنکا نے 5 وکٹیں لیں جبکہ دشمانتھا چمیرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی بولرز سری لنکن بیٹرز پر ایشیا کپ کے فائنل کی طرح ٹوٹ پڑے اور پوری ٹیم 20ویں اوور میں 55 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

محمد شامی نے 18 رنز دے کر 5، محمد سراج نے 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جسپریت بمرا اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔

سری لنکا کی جانب سے کاسن رجیتھا 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، اینجیلو میتھیوس نے 12 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مہیش تھیکشنا 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انکے علاوہ کوئی اور کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

محمد شامی کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے ایک مرتبہ پھر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا اور سیمی فائنل کےلیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

Comments are closed.