عام انتخابات 8 فروری کو ہونگے،صدر اور الیکشن کمیشن میں اتفاق رائے ہوگیا
اسلام آباد: عام انتخابات 8 فروری کو ہونگے،صدر اور الیکشن کمیشن میں اتفاق رائے ہوگیا،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کی طرف سے اعلامیہ جاری کردیاگیا۔
سپریم کورٹ کی طرف سے جمعہ کو انتخابات کی تاریخ دینے کی ہدایت کے بعد آج پیش رفت ہوئی،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔
جمعرات کو سپریم کورٹ میں 90 روزمیں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ الیکشن کمیشن 11 فروری 2024 کو ملک میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ صدر مملکت سے آج ہی مشاورت کر کے کل عدالت میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق آگاہ کیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کے حکم پر صدرعارف علوی سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان نے ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان بھی موجود تھے۔
صدر سے چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں عام انتخابات کے لیے صدر مملکت کے سامنے 3 تاریخیں رکھی گئیں ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 28 جنوری ، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے 11 فروری کو انتخابات کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر صدر سے ملاقات کے بعد ایوان صدر سے روانہ ہوکر الیکشن کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے صدر مملکت کو خط لکھتے ہوئے ملک میں 11 فروری کو الیکشن کرانے کی تجویز دی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان ملاقات میں الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا جس کے بعد اٹارنی جنرل صدر مملکت کا پیغام لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس گئے اور صدر مملکت کا مؤقف چیف الیکشن کمشنر کے سامنے رکھا۔
Comments are closed.