او آئی سی کاعالمی فریقین سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت بند کرانے کا مطالبہ

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے عالمی فریقوں سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت بند کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے اس حوالے سے عالمی اداروں اور شخصیات کو خطوط لکھ دیے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ او آئی سی نے فلسطینی عوام کے لیے عالمی تحفظ اور فوری امدادی مہم چلانے پر زور دیا ہے۔

خطوط بین الاقوامی فریقوں، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کو لکھے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کے عہدیدار کو بھی خط لکھا گیا ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کی جانب سے ریڈ کراس کے سربراہ اور انسانی حقوق کے لیے یو این ہائی کمشنر کو بھی خطوط لکھے گئے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سعودی مندوب عبدالعزیز الواصل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے خطے اور پوری دنیا پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔

عبدالعزیز الواصل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے، خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے امن مشن کو ترجیح دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ قیامِ امن کی جدوجہد اور بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی کے لیے امن مشن کو ترجیح دینا ہو گی۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی مندوب نے انسانی امداد ہنگامی بنیاد پر غزہ پہنچانے کا مطالبہ کر دیا۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری 21 ویں دن بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 7 ہزار 326 ہو گئی ہے۔

وزارتِ صحت غزہ کے مطابق شہید فلسطینیوں میں 3030 بچے اور 1726 خواتین شامل ہیں جبکہ اسرائیل کی بمباری سے 18 ہزار 967 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

Comments are closed.