آسٹریلیا کی نیدرلینڈ کیخلاف ورلڈکپ کی سب سے بڑی 309 رنز کی فتح

51 / 100

فوٹو: ایکس

نئی دہلی: آسٹریلیا کی نیدرلینڈ کیخلاف ورلڈکپ کی سب سے بڑی 309 رنز کی فتح، بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو باآسانی زیر کر لیا۔

یہ میچ نئی دہلی میں کھیلا گیا، آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو جیت کےلیے 400 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن جواب میں نیدرلینڈ کی ٹیم 90 پر آوٹ ہوگئی۔ وکرم جیت سنگھ نے 25 اور تیجا نڈامنورو نے 14 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا نے صرف 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل مارش نے 2 جبکہ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں 28 رنز پر گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے پارٹنر شپ قائم کی اور اسکور 160 رنز تک پہنچایا۔

میچ کے 23.3 اوورز میں آسٹریلیا کی دوسری وکٹ گری جب اسٹیو اسمتھ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تیسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کے درمیان 84 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ لبوشین 62 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

جوش انگلس 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ انکے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیوڈ وارنر تھے جنہوں نے 104 رنز کی اننگز کھیلی، چھٹی وکٹ کیمرون گرین کی صورت میں گری جب وہ 290 کے مجموعے پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس مرحلے پر گلین میکس ویل نے نیدرلینڈز کے بولرز کی خوب دھلائی کی اور 40 گیندوں پر سنچری جڑ دی۔ ساتویں وکٹ پر 44 گیندوں پر 103 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس میں میکس ویل کے 93 رنز شامل تھے۔

گلین میکس ویل 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیل کر آخر اوور میں آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 399 رنز بنائے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگان وین بیک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ باس ڈی لیڈے نے دو اور آریان دت نے ایک وکٹ لی، آسٹریلیا کےگلین میکسویل کو ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Comments are closed.