غزہ میں 20امدادی ٹرک جمعہ کے روز تک پہنچنے توقع ہے،امریکی صدر
فائل:فوٹو
واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن کاکہنا ہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے رفح کراسنگ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ غزہ کے لیے انسانی امداد کے 20 ٹرکوں کی پہلی کھیپ کو گزرنے کی اجازت دی جا سکے۔ کراسنگ کے آس پاس کی سڑک کو مرمت کی ضرورت ہے ، اس لیے ممکنہ طور پر امدادی ٹرک جمعے سے پہلے روانہ نہیں کیے جاسکیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے اسرائیل کے دورے سے واپسی کے دوران عبدالفتاح السیسی کو فون کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ فلسطینیوں کے لئے آغاز میں 20 امدادی ٹرک لے جانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ کراسنگ کے آس پاس کی سڑک کو مرمت کی ضرورت ہے ، اس لیے ممکنہ طور پر امدادی ٹرک جمعے سے پہلے روانہ نہیں کیے جاسکیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ سڑک کی مرمت کی جا رہی ہے، ان ٹرکوں کے گزرنے کے لیے وہاں موجود گڑھے بھرنے پڑیں گے، یہ ہونے والا ہے، انہیں توقع ہے کہ اس میں 8 گھنٹے لگیں گے۔
امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ کی سرحد کے اطراف میں امداد تقسیم کرنے کے لیے تیار ہے، پہلے 20 ٹرک حماس کو کوئی فائدہ پہنچے بغیر امداد کی تقسیم کے نظام کا امتحان ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امداد کی پہلی کھیپ 20 ٹرکوں پر مشتمل ہوگی لیکن مجموعی طور پر 150 یا اس سے کچھ زیادہ ٹرک ہیں، اِن باقی ٹرکوں کو فی الحال گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حالات کو دیکھ کر اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عبدالفتاح السیسی حقیقی کریڈٹ کے مستحق ہیں، وہ بہت ملنسار ہیں۔
اسرائیل کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے اس کو کامیاب قرار دیا اور اپنے اتحادی اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب مصر کے صدارتی ترجمان احمد فہمی نے ایک بیان میں کہا کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے رفح ٹرمینل کے ذریعے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی پائیدار فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کے غزہ کراسنگ کھولنے کے بعد اب مصر نے اس کی تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی تک انسانی امداد رفح کراسنگ سے گزرے گی۔
دونوں رہنماوٴں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ امداد دونوں ممالک کے متعلقہ حکام امریکا کی نگرانی میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے گروپوں کے ساتھ تعاون سے فراہم کریں گے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے انتہائی گنجان آباد غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے، غزہ کی جانب خوراک اور ادویات کی ترسیل روک دی گئی ہے اور تمام گذرگاہوں کو بند کردیا گیا ہے۔
Comments are closed.